وزیراعظم محمد شہباز شریف سے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

2

 اسلام آباد 20 مئی (اے پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر برائے وفاقی تعلیم و کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، ارکان قومی اسمبلی سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔ ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔

ملاقات میں وفد نے وزیرِ اعظم کو آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے ایم کیو ایم کی تجاویز پیش کیں۔ وفاقی حکومت کے تحت سندھ و کراچی میں عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے جس نے حکومت کا عوامی فلاح کے ہر اقدام میں ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز پر غور کرکے ایک قابل عمل و جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کیا جائے۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔