اسلام آباد، 20 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد کی قیادت بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کونستانتین لیمیٹووسکی کر رہے تھے۔ ملاقات میں توانائی شعبے میں سرمایہ کاری، ٹرانسمیشن نظام اور قابلِ تجدید توانائی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں نارتھ-ساؤتھ ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ حکومت پاور سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ تقریباً ایک کروڑ جدید میٹرز کی مرحلہ وار تنصیب کے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں تقریباً پندرہ لاکھ جدید میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں۔
اویس لغاری نے بتایا کہ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز اور ٹرانسمیشن لائنز حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
کونستانتین لیمیٹووسکی نے پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ بینک کے پاس تقریباً 100 سے 150 ملین ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری پائپ لائن میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینک قابلِ تجدید توانائی، پائیدار انفراسٹرکچر اور ٹرانسمیشن منصوبوں کی مالی معاونت کا جائزہ لے گا، اور تکنیکی ٹیمیں پاکستانی اداروں کے ساتھ مختلف قابلِ عمل منصوبوں پر تعاون کو آگے بڑھائیں گی۔











