اسلام آباد، 20مئی (اے پی پی ): وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیرِ صدارت کاروباری برادری کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے ماحول سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف تجارتی و صنعتی تنظیموں، چیمبرز آف کامرس اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کاروباری طبقے کو درپیش مسائل، معاشی سرگرمیوں میں بہتری، برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے سے متعلق تجاویز پر گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے اور نجی شعبے کے کردار کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون کو اہمیت دیتی ہے اور معیشت کی بہتری کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی اور برآمدات میں اضافہ حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں۔
کاروباری نمائندوں نے مختلف شعبوں میں سہولتوں کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے جاری اقدامات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں کاروباری امور سے متعلق بعض چیلنجز اور تجاویز بھی سامنے آئیں، جن پر متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کاروباری برادری اور حکومتی اداروں کے درمیان مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ معاشی سرگرمیوں کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔











