اسلام آباد، 21 مئی (اے پی پی ): پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر وزارتِ داخلہ میں خصوصی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، ایڈیشنل سیکرٹری اور وزارت داخلہ کے افسران و حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پاک سیکرٹریٹ کے آر بلاک میں دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے، جبکہ شرکاء نے پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر کڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے، اور اس مثالی دوستی کو ہم آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ادوارِ حکومت میں ہمیشہ پاک چین دوستی پروان چڑھی ہے۔
انہوں نے سی پیک منصوبے اور جہاز سازی کے شعبے میں تعاون کو پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری کی روشن مثال قرار دیا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو دنیا کے سامنے ایک مثالی اور قابل تقلید ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے یادگاری پودا بھی لگایا۔











