لاہور،۔ 23 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اوقاف بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے محکمہ اوقاف کی تعمیر و ترقی، آئندہ کے لائحہ عمل اور محکمانہ آمدن بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بورڈ نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور مزارات پر نصب کیش باکسز کی آمدن میں کئی گنا اضافے کو سراہتے ہوئے اسے مؤثر مانیٹرنگ کا نتیجہ قرار دیا۔ اجلاس میں گورنمنٹ داتا دربار ہسپتال کی بحالی اور تنظیم نو کی سکیم کی منظوری دی گئی، جبکہ ہسپتال میں خالی 21 ٹیکنیکل آسامیوں پر بھرتی اور لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 119 سکیورٹی گارڈز کو پالیسی کے مطابق مستقل ورک مین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ بادشاہی مسجد میں اقبال ہال اور تبرکات گیلری کی فیس سے متعلق حکم نامے کی بھی توثیق کی گئی۔ بورڈ نے محکمہ اوقاف کے شعبہ مذہبی امور میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دیتے ہوئے پابندی میں نرمی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو سمری بھجوانے کا فیصلہ کیا۔ شعبہ انجینئرنگ کے عملے کی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی اور یکمشت تنخواہ پیکج کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ایڈہاک بنیادوں پر برسوں سے خدمات انجام دینے والے 6 ملازمین کی مستقلی کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی، جو پالیسی کے مطابق سفارشات پیش کرے گی۔ ڈائریکٹوریٹ مذہبی امور کے قواعد میں ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے علماء و خطباء کی ترقی کے لیے علماء اکیڈمی کورس لازمی قرار دیا گیا، جبکہ حکومتی قواعد کے مطابق تین سال بعد تبادلوں کی اجازت بھی دی گئی۔ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اتحاد بین المسلمین کے وفود کے پنجاب بھر کے دوروں کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف میں اصلاحات کے باعث محکمانہ امور میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ اوقاف کی زمینوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور محکمانہ امور کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ داتا دربار ہسپتال میں طبی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا، جبکہ درباروں پر نصب کیش باکسز کی مؤثر مانیٹرنگ سے آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نذرانے مقدس امانت ہیں اور ان میں خردبرد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ صوبائی وزیر نے اشتعال انگیز مواد پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ڈی جی مذہبی امور انیس الرحمن، محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹرز اور بورڈ ممبران نے شرکت کی۔











