مکہ مکرمہ، 24 مئی 2026 (اے پی): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مکہ مکرمہ میں سرکاری رہائشی عمارتوں 208، 209، 210 اور 211 کا سرپرائز دورہ کیا اور وہاں مقیم عازمین حج سے ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے عازمین حج کو فراہم کیے جانے والے ناشتے اور رہائشی کمروں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے عازمین حج سے ان کے انتظامات اور سہولیات کے حوالے سے تاثرات بھی معلوم کیے۔عازمین حج نے حکومتی انتظامات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج آپریشن اب اپنے سب سے اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور خدام الحجاج کو اس مرحلے میں انتھک محنت کرنی ہے۔ انہوں نے عازمین حج پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، ایثار اور اپنے ساتھی حجاج کی مدد کو اپنا شعار بنائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں، اس لیے عازمین حج اپنے بہترین طرز عمل سے ملکی وقار میں اضافہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک پاکستان، اس ارض مقدس اور پوری امت مسلمہ کو اپنی خصوصی دعاؤں میں شامل رکھیں۔











