بیجنگ، 25 مئی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے پس منظر میں ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر چینی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، اسٹریٹجک تعاون، امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات سے متعلق امور پر مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ سی پیک کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کے لیے بھی مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان چین تعلقات کے سیاسی، اقتصادی، اسٹریٹجک، سیکیورٹی اور عوامی روابط سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور دوطرفہ تعاون میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کو عوام دوست اور مستقبل پر مبنی تعاون کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اعلیٰ سطحی تبادلوں اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے سی پیک کے اگلے مرحلے کے تحت صنعتکاری، روابط، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی، صاف توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے اور پاکستان کے ترقیاتی فریم ورک ’’اڑان پاکستان‘‘ کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ چینی خلائی اسٹیشن پروگرام کے لیے پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی جہتوں کا مظہر ہے۔
دونوں فریقین نے قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے، طے شدہ منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور پاکستان چین شراکت داری کو عملی اور نتیجہ خیز تعاون کے نئے مرحلے میں داخل کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر ریلوے حنیف عباسی، مشیر وزیراعظم ہارون اختر اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔











