فرینکفرٹ میں ’’جشنِ معرکۂ حق – آپریشن بنیانٌ مرصوص‘‘ کی تیسری تقریب

10

فرینکفرٹ،5 2مئی (اے پی پی):  یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن جرمنی کے زیرِ اہتمام ’’جشنِ معرکۂ حق – آپریشن بنیانٌ مرصوص‘‘  کی تیسری تقریب 24 مئی کو فرینکفرٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں، جرمن کشمیری کمیونٹی، بچوں، خواتین اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز جرمنی اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا۔ شرکاء نے پاکستان کے قومی پرچم تھامے رکھے، جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز، چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف کی تصاویر بھی آویزاں تھیں۔ ہال پاکستانی اور جرمن پرچموں سے سجایا گیا تھا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن اور نعتِ رسول ﷺ سے ہوا۔ گلوکار وکی چوہدری نے ملی نغمہ ’’دل دل پاکستان‘‘  پیش کیا، جس پر شرکاء نے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ شرکاء نے قومی ترانہ بھی ولولے کے ساتھ گایا۔

تقریب کے منتظمین میں چیئرمین یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن جرمنی گوہر باجوہ آف چوونڈہ، صدر انصر بٹ، چوہدری غلام غوث گجر آف مرالی اور چوہدری احسان الٰہی شامل تھے۔ حاجی قمر زمان آف سیکروالی، صدر ورلڈ اسلامک مشن، اور چوہدری مظہر دیونا نے خصوصی شرکت کی، جبکہ صدارت صدر پی او اے ایف یورپ چوہدری اعجاز پیارا نے کی۔

تقریب میں ایک کمسن بچے نے ڈچ زبان میں خطاب کیا، جبکہ وزیر اعظم یوتھ یورپ سے وابستہ ایک بچی نے اوورسیز پاکستانی نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ شریف اکیڈمی کے شفیق مراد نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔ شریف اکیڈمی کو اوورسیز پاکستانیوں میں اردو کے فروغ پر سراہا گیا۔

مہمانِ خصوصی چیئرمین یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر تمغۂ خدمت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی ہر نازک موقع پر مادرِ وطن کا دفاع کر رہی ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دشمن عناصر کے سوشل میڈیا پر پھیلائے گئے منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ 10 مئی 2026 کو پاکستان آرمی نے دشمن کو بھرپور جواب دیا، جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے وطن، اپنی فوج اور اپنے فیلڈ مارشل سے محبت کرتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘، ’’پاکستان آرمی زندہ باد‘‘  اور ’’ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر زندہ باد‘‘  کے نعرے لگائے۔