ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، عیدالاضحیٰ پر صفائی و سکیورٹی پلان کا جائزہ

16

لودھراں، 25 مئی  (اے پی پی): ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی، سکیورٹی انتظامات اور عوامی آگاہی مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب نے بھی خصوصی شرکت کی۔

 اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی میں شامل علماء کرام، انتظامی افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی و طہارت کے اصولوں پر عمل کرکے اسلامی تہوار کو خوشگوار بنایا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں ضلعی امن کمیٹی کا کردار نہایت اہم ہے اور علماء کرام اس سلسلے میں بھرپور تعاون کریں۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں میں آگاہی اور ویسٹ بیگز کی فراہمی کیلئے شہر میں خصوصی کیمپس قائم کیے گئے ہیں جبکہ خصوصی صفائی پلان کے تحت گلی محلوں میں فوری صفائی آپریشن بھی کیا جائے گا تاکہ آلائشوں کی بروقت تلفی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں شریک علماء کرام نے عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی، امن و امان اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر علماء کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ خطبات اور اجتماعات کے ذریعے عوام میں صفائی اور ذمہ دار شہری ہونے کا شعور اجاگر کریں۔

ڈی ایس پی عابد حسین نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 67 مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوں گے جن کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ علماء کرام اور شہریوں کا تعاون بھی قیام امن کیلئے ناگزیر ہے۔