مکہ مکرمہ مئی 26،مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منیٰ میں قائم پاکستانی حجاج کرام کے کیمپس کا دورہ کیا اور مختلف کیمپس کا معائنہ کر کے حجاج کرام کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا مشاہدہ کیا۔
وزیرداخلہ نے حجاج کرام، خصوصاً بزرگ حجاج کرام سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے 100 برس کے معمر ترین حاجی سے خصوصی ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی ہمت کو سراہا۔
محسن نقوی نے حجاج کرام سے کیمپس میں رہائش اور کھانے پینے سمیت دیگر سہولتوں کے بارے میں تفصیل سے دریافت کیا۔ حجاج کرام نے کہا کہ “اس بار انتظامات اچھے ہیں”، جبکہ کچھ نے بتایا کہ ابتدا میں معمولی مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن عملے نے بھرپور تعاون کیا۔
وزیرداخلہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ہر حاجی ہمارے لیے بہت خاص ہے” اور مسائل کے حل کے لیے عملہ موجود ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے اس بار حجاج کرام کے لیے پاکستان میں امیگریشن کی بڑی سہولت فراہم کی ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزارت حج کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔











