نیویارک، 28 مئی ( اے پی پی): نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ‘گروپ آف فرینڈز’ کے اجلاس کے موقع پر ترکمانستان کے وزیرِ خارجہ راشد میردوف سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا اور پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان گہرے روابط کی تجدید کی۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور علاقائی روابط میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ترکمانستان کو اعلیٰ معیار کا گوشت اور زرعی مصنوعات برآمد کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت، تجارتی سرگرمیوں اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے ریل، سڑک، فضائی اور سمندری راستوں کے ذریعے علاقائی ٹرانزٹ اور روابط کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اقوامِ متحدہ سمیت دیگر کثیر الجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











