کراچی، 01 جون ) اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں یونیورسٹی روڈ صفورا پر واقع نادرا میگا سینٹر کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور سینٹر میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے شہریوں سے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کے اجراء کے عمل سے متعلق بھی پوچھا۔
نادرا میگا سینٹر میں موجود شہریوں نے مہیا کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے میں انتظار نہیں کرنا پڑتا، شہریوں نے بتایا کہ وقت پر باری آ جاتی ہے اور عملہ بھی مکمل تعاون کرتا ہے۔
محسن نقوی مختلف کاؤنٹرز پر گئے اور خصوصاً بزرگ شہریوں سے گفتگو کر کے ان کے مسائل معلوم کیے۔ انہوں نے بزرگ شہریوں اور خواتین کے کام ترجیحی بنیادوں پر کرنے کے احکامات جاری کیے۔
وزیر داخلہ نے نادرا سینٹر کے انچارج اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔











