صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی سکیموں کے حوالے اجلاس

16

لاہور, 2 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) 2025-26 کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں محکمہ ایمرجنسی سروسز کے متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران، ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران محکمہ ایمرجنسی سروسز کی مختلف ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بھکر میں ایئر اسٹرپ کی تعمیر، جنوبی اور شمالی پنجاب میں نئے ٹاؤن ریسکیو اسٹیشنز کے قیام، ایمرجنسی سروسز کے دائرہ کار میں توسیع اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹاؤن ریسکیو اسٹیشنز کے قیام کے منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے جبکہ شمالی پنجاب کے متعدد اضلاع میں بھی نئے ریسکیو اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں سیلاب اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جدید فلڈ ریسکیو آلات کی خریداری اور دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان آلات میں ایلومینیم ایئر بوٹس، فائبر گلاس بوٹس، انفلیٹیبل بوٹس، جیٹ اسکیز، لینڈنگ کرافٹس، ہیوی لفٹنگ ڈرونز، واٹر ریسکیو ڈرونز، سیلف پروپیلڈ لائف بوائز، لائف جیکٹس، ڈیجیٹل واکی ٹاکیز، جی پی ایس نیوی گیشن ڈیوائسز اور دیگر جدید ریسکیو سامان شامل ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بہترین اور بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی 2025-26 کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ محکمہ ایمرجنسی سروسز کی استعداد کار میں بھی مرحلہ وار اضافہ کیا جا رہا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس، نئے ریسکیو اسٹیشنز کا قیام، سیلاب اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جدید آلات کی خریداری اور موٹرویز پر ایمبولینس سروس کا آغاز حکومت پنجاب کے عوام دوست اقدامات ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریسکیورز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ ایمرجنسی سروسز کی مجموعی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ہر ممکن صورتحال میں فوری اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔