لاہور، 03 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز انکارپوریٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا محمد تنویر کی ان کے دفتر میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں کینیڈا گیٹ وے ایکسپواور لائف اسٹائل ایکسپو بزنس اینڈ انویسٹرز کانفرنس 2026 میں پنجاب حکومت کی شرکت اور پاکستان کی مؤثر نمائندگی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون پر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری روابط کے استحکام اور نئی اقتصادی مواقع پیدا کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت کا وزارتی اور تجارتی وفد 22 تا 23 اگست کو پیئرسن کنونشن سینٹر، اونٹاریو، کینیڈا میں منعقد ہونے والی کینیڈا گیٹ وے ایکسپواور لائف اسٹائل ایکسپو بزنس اینڈ انویسٹرز کانفرنس 2026 میں بھر پور شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے اعلیٰ سطح کے وفد کی کینیڈا میں ہونے والی ایکسپو اور بزنس کانفرنس میں شرکت سے دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھے گا کیونکہ ایسی نمائشوں اور اور کانفرنسوں کے انعقاد سے تجارتی تعلقات مستحکم ہوتے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب سے صوبائی وزراء اور تاجروں کا وفد کینیڈا میں ہونے والی نمائش اور سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرکے پاکستان کی نمائندگی کرے گا ۔ کینیڈا میں ہونے والے بزنس کانفرنس اور نمائش میں شرکت سے پاکستان کی کاروباری برادری کیلئے بزنس کے نئے مواقع ملیں گے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژن ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول یقینی بنایا گیا ہے ۔ ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز انکارپوریٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا محمد تنویر نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب سے اعلیٰ سطح کے وفد کی شرکت سے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی، صنعتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ رانا تنویر نے پنجاب سے اعلیٰ سطح کے وفد کی بزنس کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی پر چوہدری شافع حسین کا شکریہ ادا کیا ۔











