چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا اٹلی کے 80ویں قومی دن پر مبارکباد کا پیغام، نیک خواہشات کا اظہار

5

اسلام آباد، 3جون ) اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے اٹلی کے 80ویں قومی دن کے موقع پر اٹلی کی حکومت، اطالوی پارلیمنٹ اور اٹلی کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے دیرینہ، دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کو علاقائی و عالمی استحکام کے لیے اہم قرار دیا  ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے جمہوریت، انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور عالمی تعاون کے فروغ میں اٹلی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اٹلی نے جمہوریت کے استحکام، انسانی حقوق کے فروغ، قانون کی حکمرانی، سماجی ترقی اور عالمی سطح پر مکالمے اور تعاون کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے، جس پر پاکستان اٹلی کے مثبت اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

انہوں نے اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے آثارِ قدیمہ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور گندھارا تہذیب سے متعلق تحقیق میں اٹلی کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان پارلیمانی، اقتصادی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

انہوں نے اٹلی کی قیادت اور عوام کے لیے امن، خوشحالی، ترقی اور استحکام کی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا