اسلام آباد، 4 جون (اے پی پی): وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت وزیراعظم پروگرام برائے ہیپاٹائٹس سی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، سی او این آئی ایچ، وفاقی ہسپتالوں کے سربراہان اور ڈی ایچ اوز نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر پروگرام نے اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی پروگرام بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً ایک کروڑ سے زائد مریض موجود ہیں۔
انہوں نے تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس سی کا خاتمہ قومی مقصد ہے اور اس کے لیے تمام اداروں کا مربوط کردار ناگزیر ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے مصر کے ماڈل کو اپنایا ہے اور اسی طرز پر ملک کو ہیپاٹائٹس سی فری بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی مہم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں۔
وزیرِ صحت نے کہا کہ عوامی آگاہی مہم کو مزید بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کی اسکریننگ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کیریئرز کی بروقت نشاندہی اور علاج سے بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اسکریننگ کے عمل کو تیز اور آسان بنانے اور مثبت کیسز کے بروقت علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
مصطفیٰ کمال نے عوام سے اپیل کی کہ اسلام آباد میں موجود 15 ہیلتھ سہولیات سے اپنا مفت ٹیسٹ کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود بھی ٹیسٹ کروائے اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دے۔











