ملتان ،06 جون (اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں جیلوں میں قیدیوں کو مثالی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت جیل ہیلتھ کونسلز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سنٹرل جیل ملتان، ڈسٹرکٹ جیل، شجاع آباد اور جلال پور پیر والا جیل ہسپتالوں کی طبی سہولیات اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں جیل ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، ادویات کی دستیابی اور قیدیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر قیدیوں کو معیاری طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل ہسپتالوں میں علاج معالجہ کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جیلوں میں ایمرجنسی اور طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ماہر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف تعینات ہے جبکہ فوری طبی امداد اور بہتر علاج معالجہ کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جیل ہسپتالوں میں ادویات اور طبی سہولیات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ قیدیوں کو بہترین طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔











