لودھراں ،6 جون (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیر صدارت ریونیو افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومتی واجبات کی وصولیوں، پلس ون منصوبے اور دیگر ریونیو امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کی ہدایات کے مطابق ریکوری اہداف کا حصول ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لیے تمام دستیاب قانونی اور انتظامی فورمز سے رجوع کیا جائے اور ریکوری مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پلس پراجیکٹ کے تحت مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کے عمل میں تیزی لائی جائے جبکہ آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس، ایف بی آر واجبات، تاوان اور دیگر سرکاری محصولات کی وصولیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور ریونیو افسران اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔محمد اشرف نے زیر التواء کھیوٹوں، میوٹیشنز اور دیگر مقررہ ریونیو اہداف کے حصول پر فوکس کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آڈٹ اعتراضات کو بھی جلد از جلد دور کیا جائے تاکہ محکمانہ کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب، اسسٹنٹ کمشنرز فرخ اللہ خان، اصغر اقبال لغاری، فیصل ولید اور دیگر ریونیو افسران نے شرکت کی۔











