ڈربی، 09 جون ( اے پی پی): پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کی خصوصی دعوت پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ڈربی میں ویمن ٹیم سے ملاقات کی اور ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے اہم معرکے کے لیے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
مکی آرتھر نے ملاقات کے دوران انگلش کنڈیشنز کے حوالے سے اپنے وسیع تجربات کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کیے اور ٹیم کے جذبے اور صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے، اگر وہ پلان کے مطابق کھیلیں تو جیت ہرگز مشکل نہیں ہے۔
انہوں نے چیمپئینز ٹرافی 2017 کی مثال دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو تاکید کی کہ وہ مقامی کنڈیشنز سے جلد از جلد ہم آہنگ ہو کر میدان میں لڑنے کا جذبہ دکھائیں کیونکہ چیمپئینز ٹرافی میں بھی قومی ٹیم نے حالات سے مطابقت پیدا کرنے اور بہترین ٹیم ورک کی بدولت ہی کامیابی حاصل کی تھی، جس کے بعد انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے اگلی مہم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔











