75 سالہ پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری، پوری قوم دوطرفہ تعلقات کا جشن منا رہی ہے، عطاء اللہ تارڑ

7

 اسلام آباد، 09 جون ( اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم 75 سالہ پاک چین دوستی کا جشن منا رہی ہے، دونوں ممالک کے مضبوط اور گہرے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک کی تعمیر، 75 سالہ پاک چین دوستی اور گلوبل گورننس اقدامات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے سی پیک کو صدر شی جن پنگ کے ‘ایک خطہ، ایک سڑک’ (بیلٹ اینڈ روڈ) اقدام کا اہم ترین جزو اور ترقی و خوشحالی کا ضامن منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی نہ صرف سرحدیں ملتی ہیں بلکہ عوام کے درمیان بھی گہرے روابط موجود ہیں، اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔

انہوں نے میڈیا، ثقافت اور عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں کو تعلقات کے مزید فروغ کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ پاکستان گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا  کہ پاکستان کی قیادت چین کے ساتھ مضبوط تعلقات پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور دوستی کو نئی بلندیوں تک لے گیا ہے جبکہ صدر شی جن پنگ کے سابقہ دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کی نئی سمت متعین کی تھی۔