فتنہ الخوارج، بھارت اور کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ بے نقاب، ہوشربا انکشافات

4

اسلام آباد، 09 جون (اے  پی پی ): افغانستان میں فتنہ الخوارج اور بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے لیے سرگرم خارجی شہزاد کے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے روابط بے نقاب ہو گئے۔

خارجی شہزاد کی ویڈیو اور آڈیو منظرِ عام پر آئی ہے، جس میں وہ افغانستان سے بھارتی تحریر کردہ بیانیہ پڑھ کر کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو ہدایات دے رہا ہے۔

خارجی شہزاد نے تحریر شدہ بیان پڑھتے ہوئے کہاہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی احتجاج کرکے آپ سے آزادی لینا چاہتی تھی جو ان کا حق ہے۔ پاکستان کی ریاست کے حوالے سے آئندہ پیش رفت اور اس کے اثرات بہت جلد سب کے سامنے آ جائیں گے۔

خارجی شہزاد کی کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے راہنما سے بدامنی پھیلانے اور الیکشن ملتوی کرانے کی آڈیو کال بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ آڈیو لیک میں خارجی شہزاد آزاد کشمیر میں شرپسندی کے لیے کارکنوں کو جمع کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔

آڈیو لیک کے مطابق خارجی شہزاد نے کہاہے کہ ہم انتخابات کے انعقاد کی ہر طرح سے مخالفت کریں گے اور انہیں کسی صورت منعقد نہیں ہونے دیں گے۔ ہمیں عسکریت اور طاقت کے ذریعے کشمیر کی فوج بحال کر کے آزادی اور دیگر معاملات میں سب کشمیروں کو شامل کرنا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق لڑکھڑاتی آواز میں بھارتی تحریر کردہ بیان سے واضح ہے کہ بدامنی اور انتشار کے مذموم عزائم بھارتی پشت پناہی پر کیے جا رہے ہیں۔ خارجی شہزاد کی بھارتی ایما پر پرتشدد کارروائیوں کی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کا فیصلہ درست ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج ایک دہشت گرد گروہ ہے جسے بھارت کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے اور کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اس کی حمایت سے بھارت کا مکروہ چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت میں فتنہ الخوارج کی اعلانیہ صف بندی، آزاد کشمیر میں بھارتی عزائم کی ناکامی پر اس کی بے چینی کا واضح ثبوت ہے۔