مظفرآباد : وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی امن و امان اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ریاست میں امن، عوام کے جان و مال اور سرکاری املاک کے تحفظ کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم آزادجموں و کشمیر نے کہا کہ طاقت کا استعمال صرف شرپسند عناصر کے خلاف کیا جائے، عام شہریوں کا موجودہ صورتحال سے کوئی تعلق نہیں، چند عناصر کی ہٹ دھرمی اور غیر دانشمندانہ رویے سے حالات خراب ہوئے، نظریہ پاکستان اور الحاقِ پاکستان کے خلاف سرگرمیاں ناقابل قبول ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ریاست میں پاکستان مخالف ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں، افواجِ پاکستان کشمیریوں کی محافظ فوج ہے۔
اجلاس میں وزراء حکومت چوہدری محمد رفیق نیر ،سید بازل علی نقوی ،چوہدری قاسم مجید، چیف سیکرٹری ،آئی جی ،پرنسپل سیکرٹری ،ڈی آیی جیز ،کمشنر مظفرآباد اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ آئی جی پولیس نے وزیراعظم کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔











