ملکی جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے اجلاس ،نوجوانوں کو ملکی جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی تربیت بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کی جائے،  وزیراعظم

4

اسلام آباد: 10 جون  (اے پی پی)  وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں اعلی تعلیم کے حوالے سے اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ملکی جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی تربیت بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کی جائے۔ بدقسمتی سے ملک کی اکثر جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی تعلیم جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان بھر کی جامعات میں آئی ٹی کے شعبوں میں فراہم کی جانے والی تعلیم و تربیت کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسے اے آئی، ڈیٹا سائنس، روبوٹکس وغیرہ میں بہترین آئی ٹی تربیت فراہم کرنے کے لیے روڈ میپ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو پاکستانی جامعات سے آئی ٹی کے شعبے میں فارغ التحصیل طلباء کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے ایچ ای سی کی جانب سے حال ہی میں منعقدہ ٹیسٹ کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ آئی ٹی کے طلباء کے لیے منعقدہ نیشنل سکلز کومپیٹینسی ٹیسٹ میں پورے ملک کے 190 اعلیٰ تعلیم کے اداروں سے 33038 طلباء پیش ہوئے۔

ٹیسٹ میں صرف 0.4 فیصد طلباء نے 80 فیصد سے زائد، 3.6 فیصد طلباء نے 68-79 فیصد، 13.2 فیصد طلباء نے 58-67 فیصد اور 21.3 فیصد طلباء نے 50-57 فیصد نمبر حاصل کیے، جب کہ 61 فیصد طلباء 50 فیصد سے کم نمبر لیے۔ ٹیسٹ ملک کے مختلف شہروں میں قائم کردہ سینٹرز میں کڑی نگرانی اور مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد کیے گئے۔

وزیراعظم نے ٹیسٹ کے نتائج میں مطلوبہ معیار حاصل نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا۔ ٹیسٹ کے نتائج کی روشنی میں ملک بھر کی جامعات میں آئی ٹی کے شعبے میں اعلی ٰتعلیم کے حوالے سے اصلاحات پر کام شروع ہو چکا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، چئیرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔