کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سرغنہ سعد انصاری کے بھائیوں کا کمیٹی سے اظہار لاتعلقی، عوام کو تصادم سے دور رہنے کی اپیل

3

میر پور،11جون(اے پی پی):کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مفرور سرغنہ سعد انصاری کے بھائیوں محسن انصاری اور احسن انصاری نے ویڈیو پیغام میں کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے خون ریزی اور تصادم سے دور رہنے کی اپیل کر دی۔

محسن انصاری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عوامی حقوق کی بات کرنا مناسب ہے لیکن عوامی ایکشن کمیٹی شرپسندی کی اس راہ پر چل رہی ہے جس کا انجام بہت برا ہے۔ اس انتشاری اور شرپسند جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے جانی نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ انتشاری تحریک کا حصہ نہ بنیں اور ایسی صورتحال پیدا نہ کریں جس سے قتل و غارت اور شرپسندی کو بڑھاوا ملے۔

سکیورٹی اداروں کو مطلوب مفرور سعد انصاری کے دوسرے بھائی احسن انصاری نے کہا کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ کشمیر میں شرپسندی پھیلانے والی اس انتشاری عوامی ایکشن کمیٹی کا حصہ نہ بنیں۔

احسن انصاری نے کہا کہ کالعدم کمیٹی کے پرتشدد واقعات میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی ہمارے بھائی ہیں۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں افراتفری پھیلانے والی کمیٹی سے اب ان کے اہلخانہ بھی لاتعلقی کا اعلان کر رہے ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام شرپسند عناصر کے پروپیگنڈے اور گمراہ کن بیانیے میں نہ آئیں کیونکہ ان کا عوامی مفاد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔