بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جائے گا، ڈاکٹر مختار بھرتھ

6

اسلام آباد، 11 جون (اے پی پی): وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے گلوبل سینٹر برائے چائلڈ اینڈ ایڈولیسنٹ مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا جہاں بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے فروغ اور اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق ڈاکٹر عثمان ہمدانی، بانی ڈائریکٹر گلوبل انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ڈویلپمنٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پاکستانی وفد کا استقبال چائلڈ مائنڈ انسٹی ٹیوٹ اور ایس این ایف گلوبل سینٹر کی قیادت نے کیا۔

دورے کے دوران منعقدہ اجلاس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر ڈاکٹر عائشہ میان نے آن لائن شرکت کی جبکہ وفد کو ایس این ایف گلوبل سینٹر کے جدید اور مؤثر ماڈل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاکستانی وفد نے اس موقع پر ملک میں ذہنی صحت کے شعبے میں جاری اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔ دونوں فریقین کے درمیان تکنیکی تعاون، مشترکہ تحقیق، ڈیٹا شیئرنگ اور پاکستانی ماہرین کی بین الاقوامی فیلوشپس میں شرکت کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ اس امر پر اتفاق کیا گیا ہے کہ اس اشتراک کو باضابطہ معاہدے کی صورت میں آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے استحکام کے لیے تحقیق اور پالیسی سازی پر مزید کام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل مینٹل ہیلتھ پالیسی کی تیاری تیزی سے جاری ہے جبکہ نیشنل ہب آف ایکسیلینس کے قیام پر بھی کام ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکولوں اور بنیادی صحت مراکز میں ذہنی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔

دورے کے دوران ماہرین کو یکم اور 2 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کی تقریبات میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پاکستان ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کی تقریب کے موقع پر اہم قومی اقدامات کا اعلان کرے گا۔