پشاور، 11 جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں خیبرپختونخوا پولیس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
وزیر داخلہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔محسن نقوی نے پولیس شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے۔
وزیرداخلہ نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرونز، اسلحہ، نائٹ وژن گنز اور دیگر آلات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے وزیر داخلہ کو جدید آلات کے بارے میں بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پولیس ہیڈکوارٹر میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا، سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے سربراہ اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کے پی کے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی کا اسلحہ اور آلات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت مل کر تمام تر وسائل فراہم کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔ کے پی کے پولیس اور سی ٹی ڈی کو انسداد دہشت گردی کی جدید ٹریننگ میں وفاقی حکومت بھرپور معاونت کرے گی۔
وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پولیس کے بجٹ میں اضافے کو قابل تحسین قرار دیا۔











