اقوامِ متحدہ، 11 جون (اے پی پی ): پاکستان نے مسقط پلان آف ایکشن کو نفرت انگیز تقاریر کے ناسور کے خاتمے، نسل کشی اور دیگر سنگین جرائم پر اکسانے کی روک تھام، نیز امن کے قیام، مصالحتی عمل، مکالمے اور مقامی سطح پر امن سازی کے فروغ کے لیے ایک مؤثر اور اختراعی لائحۂ عمل قرار دیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں مسقط پلان آف ایکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ یہ منصوبہ نفرت انگیز تقاریر کے تدارک اور مصالحت و مقامی امن سازی کے ذریعے امن کے فروغ میں روایتی اور مقامی آبادیوں کے رہنماؤں کی ثقافتی ساکھ، اخلاقی حیثیت اور عوامی اعتماد کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روایتی دانش، ثقافتی اقدار اور مقامی طریقہ ہائے کار کو متحرک کرتے ہوئے یہ پلان آف ایکشن منصفانہ، جامع اور پُرامن معاشروں کے قیام کے لیے ریاستوں کی کوششوں کو مزید مضبوط بناتا ہے۔مسقط پلان آف ایکشن اقوامِ متحدہ کی سرپرستی میں تیار کیا گیا ایک فریم ورک ہے، جس کا مقصد روایتی اور مقامی آبادیوں کے رہنماؤں اور برادریوں کے کردار کو نفرت انگیز تقاریر، نسل کشی اور دیگر سنگین جرائم، نیز ان پر اکسانے کے تدارک اور روک تھام کے لیے مستحکم بنانا ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ آج کی دنیا میں اخراج، عدم برداشت اور امتیازی رویّوں میں تشویش ناک اضافے کے تناظر میں پاکستان مسقط پلان آف ایکشن جیسے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تباہ کن رجحانات کی روک تھام کے لیے اقوامِ متحدہ کی جانب سے دی جانے والی ترجیح اور فوری توجہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نفرت انگیز تقاریر کے مسخ شدہ اور گمراہ کن نظریات کے خاتمے اور اپنے معاشروں کو امن، مساوات اور سکون کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر، نسل کشی اور دیگر سنگین جرائم پر اکسانے کے محرکات نہایت پیچیدہ ہیں۔ ان جرائم کی مؤثر روک تھام اور عوامی آگاہی کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی درکار ہے، جس میں قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ مقامی رہنماؤں کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی عمائدین، روایتی سردار اور مقامی آبادیوں کے رہنما تاریخی طور پر مقامی نظم و نسق، تنازعات کی روک تھام اور مصالحتی عمل میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی یہ رہنما امن سازی، تنازعات کے حل اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے سلطنتِ عمان، اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے خصوصی مشیر برائے انسدادِ نسل کشی، اور پیس میکرز نیٹ ورک کو مسقط پلان آف ایکشن کی تیاری اور تکمیل پر مبارک باد پیش کی۔
اس افتتاحی تقریب میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت متعدد اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔











