راولپنڈی، 12جون (اے پی پی): پاک فوج کی ٹیم نے برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں منعقدہ بین الاقوامی پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کی نمائندگی کرنے والی پاک فوج کی ٹیم نے مقابلے میں کلین سویپ کرتے ہوئے تمام بڑے اعزازات اپنے نام کر لیے جبکہ پاک فوج نے فرسٹ اوورآل ٹیم ٹرافی ، بیسٹ پیس اسٹکر اور بیسٹ ڈرائیور کے ایوارڈز جیتے۔
میجر حیدر گلزار، ایڈجوٹنٹ پی ایم اے کی قیادت میں پاک فوج کا 9 رکنی دستہ 5 جون 2026 کو برطانیہ پہنچا تھا ،اس سالانہ مقابلے میں دنیا بھر کی 16 فوجی ٹیموں نے بھرپور مقابلہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کی ٹیم کی یہ فتح پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تربیت، مہارت اور لگن کے اعلیٰ ترین معیار کی عکاس ہے۔











