اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی): فوکل پرسن برائے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام محمد رؤف راجہ نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے موجودہ بجٹ کو عوام، تاجر اور بالخصوص نوجوان دوست قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود کی جانب سے نوجوانوں کے لیے پیش کی جانے والی تمام تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ وزیر اعظم ملک کے اس قیمتی اثاثے کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ محمد رؤف راجہ نے امید ظاہر کی کہ آنے والے سال میں ملکی نوجوان یوتھ ڈویلپمنٹ، ایمپاورمنٹ اور اسپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ کے شعبوں میں انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں 17 فیصد تک نمایاں اضافہ اور جائیداد کی منتقلی پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی جیسے اقدامات حکومت کی عوام اور تاجر دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔











