وزیر داخلہ محسن نقوی کا فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ، جدید خطوط پر تربیت کو سراہا

6

چارسدہ ،جون 13(اے  پی پی ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا تفصیلی دورہ کیا اور فورس کی آپریشنل تیاریوں و پیشہ وارانہ تربیت کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ کے بیرون ملک سے آئے سٹیٹ گیسٹس کے لیے قائم سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت کے معیار کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن ونگ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید و منظم فورس بنایا جا رہا ہے۔ غیر ملکی مہمانوں کو بین الاقوامی معیار کی سکیورٹی فراہم کرنا اس ونگ کی ذمہ داری ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ ونگ کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اہلکاروں کی غیر ملکی انسٹرکٹرز سے تربیت کا انتظام کیا گیا ہے اور انہیں بیرون ملک بھی بھیجا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے تمام اہلکاروں کو فزیکل فٹنس، جدید اسلحہ کی تربیت اور ڈرائیونگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی قابلیت بڑھانے کے ساتھ اہلکاروں کو بین الاقوامی زبانیں بھی سکھائی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے جدید اینٹی رائٹ آلات خریدنے کی بھی ہدایت کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کو ایک فعال فورس میں ڈھالا جا رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے بیرکس کا دورہ کیا اور زیر تربیت اہلکاروں سے کھانے، دیگر سہولتوں اور مسائل کے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے بیرکس میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے سینٹر میں جم اور سوئمنگ پول کی تعمیر بھی شروع کرنے کا حکم دیا۔

آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نذیر احمد گاڑا نے اہلکاروں کی تربیت کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیر تربیت اہلکاروں میں تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو نمائندگی حاصل ہے۔ تربیتی پروگرام میں پہلی دفعہ 35 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی او ایف سی، ڈپٹی کمشنر چارسدہ، ڈی پی او چارسدہ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔