راولپنڈی، 13 جون(اے پی پی ): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور گرد و نواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے تسلسل میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں چلنے والے فتنہ الخوارج کے مزید 21 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں 4 خارجی سرغنہ خارجی خالد رضا عرف سالار، خارجی مفتون، خارجی موسیٰ اور خارجی عمران عرف آیان بھی شامل ہیں۔ہلاک ہونے والے خارجی سرغنہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور انتہائی مطلوب تھے۔ ان کارروائیوں سے علاقے میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اب تک ان مہارت سے کیے گئے درست آپریشنز میں مجموعی طور پر 48 خوارج ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہلاک بھارتی سرپرست خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جو متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق ان علاقوں میں چھپے ہوئے باقی خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری رہیں گے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ “عزمِ استحکام” ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے رحم انسداد دہشت گردی مہم ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پورے زور سے جاری رہے گی۔











