اسلام آباد، 13 جون: (اے پی پی )؛قومی اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ پر روایتی طور پر بحث کا آغاز قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کیا۔
ایوان سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ حکومت کو غریب عوام کی مدد کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے جبکہ زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔انہوں نے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے ایک مربوط اور دیرپا پالیسی بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام کی بہتری کے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے بہتر طور پر استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاحتی شعبے کی ترقی سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
محمود خان اچکزئی نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی جماعتوں میں مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قومی مفاد میں سب کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔انہوں نے آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے اپوزیشن کی غیر مشروط حمایت کا اعلان بھی کیا۔ایوان میں بجٹ بحث کے آغاز کے موقع پر مختلف ارکان نے شرکت کی اور آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف پر گفتگو کی۔











