عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے شعبے میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے ,نوابزادہ افتخار احمد خان بابر

3

اسلام آباد13،جون (اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے شعبے میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو معیاری علاج معالجے کی سہولت میسر آ سکے۔

آج قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تجویز کردہ سات فیصد اضافے کو مزید بڑھایا جانا چاہیے تاکہ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے پنشنوں میں مزید اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں پنشنرز کو زیادہ سہولت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے اس شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنا کر اسے قومی معیشت میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔