شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب

4

اسلام آباد،15 جون (اے پی پی):  شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے  حوالے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  کے ہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز، ادارے کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔ محرم الحرام کے احترام کے پیش نظر یہ تقریب مقررہ وقت سے قبل منعقد کی گئی تھی۔

چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قومی خدمات اور عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسی عظیم شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی پر ہونے والی تنقید دراصل غریب عوام کے سماجی تحفظ کے حق پر تنقید کے مترادف ہے۔ جس کے پاس کچھ نہ ہو، اس کے لیے معمولی سہارا بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اصلاحات کا خیرمقدم کیا جاتا ہے، تاہم اداروں کو بند کرنے کی باتیں قابل قبول نہیں، مثبت تجاویز اور تعمیری تنقید ہمیشہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ سے زائد مستحق خاندانوں کو بھکاری یا فقیر کہنا افسوس ناک ہے۔ حکومت کا کام شہریوں کو تحفظ، تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

چیئرپرسن نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں بہتری کا عمل جاری ہے۔ نیا ادائیگی نظام، ری سرٹیفیکیشن اور سکل ٹریننگ پروگرامز اہم اصلاحاتی اقدامات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ بی آئی ایس پی کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔ ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کے مفاد کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا بلکہ انہیں ہنرمند اور خودمختار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ادائیگی نظام کی کامیابی کے لیے ٹیم ورک اور بھرپور محنت ناگزیر ہے۔

تقریب کے دوران شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی دستاویزی ویڈیوز بھی پیش کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر سینیٹر روبینہ خالد نے افسران اور عملے کے ہمراہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔