موجودہ معاشی حالات میں بجٹ متوازن ہے؛ رانا محمد قاسم نون

5

اسلام آباد، 15 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی رانا محمد قاسم نون نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ کو موجودہ معاشی حالات میں متوازن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے، پنشنرز اور کم آمدن افراد کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

رانا محمد قاسم نون نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے صنعت، سرمایہ کاری اور غربت کے خاتمے پر توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں اضافے کو خوش آئند قرار دیا۔

رکن اسمبلی نے زرعی شعبے کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کسانوں کی معاونت کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی۔ انہوں نے اپنے حلقہ این اے 153 ملتان میں ترقیاتی منصوبوں، چناب پر بین الاضلاعی پل، انٹرچینج اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔