اسلام آباد، 15 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ملک کے بعض علاقوں میں پانی کی کمی کی شکایات موجود ہیں جو ایک حقیقی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال موسم نسبتاً معتدل رہا ہے اور گرمی کی شدت کم ہونے کے باعث دریاؤں اور نہروں میں پانی کا بہاؤ بھی متاثر ہوا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ کے علاقے میں چناب، راوی اور توی سمیت مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح کم ہے جس کے اثرات نہری نظام پر بھی پڑے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ معمول کے مطابق ملر لنک میں تقریباً 20 ہزار کیوسک پانی ہوتا ہے لیکن اس وقت یہ مقدار 13 سے 14 ہزار کیوسک کے درمیان ہے۔
وزیر دفاع نے امید ظاہر کی کہ جون کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے اور بارشوں کے آغاز کے بعد پانی کی موجودہ کمی پوری ہو جائے گی اور صورتحال بہتر ہو جائے گی۔











