وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں 100 میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر جائزہ اجلاس

3

اسلام آباد : 16 جون) اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں 100 میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے لئے 100 میگا واٹ شمسی بجلی کی فراہمی منصوبہ کے تمام تر اخراجات اٹھائے گی۔

وزیراعظم نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز اور منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت دی۔

اجلاس میں متعلقہ حکام نے گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کے سولر منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

جس میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کی سرکاری عمارتوں کے لئے 18 میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ ہے۔

گلگت اور دیامیر ڈویژنز کی سرکاری عمارات کے لئے 18 میگا واٹس کا منصوبہ دسمبر 2026 جبکہ بلتستان ڈویژن کی سرکاری عمارات کی سولرائزیشن کا یہ منصوبہ اکتوبر 2026 تک مکمل ہو گا۔ گلگت، سکردو، چلاس اور خپلو میں گھروں کے لئے 82 میگاواٹ کے شمسی توانائی کا منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ،وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔