لاہور جون،16(اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران امریکہ مفاہمت کے بعد خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت کی اور اسے خطے کے استحکام و امن کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایران امریکہ مفاہمت پر پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ ایران امریکہ مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران امریکہ مذاکرات اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات پر امیر جماعت اسلامی کو اعتماد میں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے امن کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں کہ ہماری حقیر کاوشوں کو قبول فرمایا۔
ملاقات میں حافظ نعیم الرحمان نے صومالیہ میں پھنسے پاکستانیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ حکومت محصور پاکستانیوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کے لیے اپنا مؤثر سفارتی کردار ادا کرے۔
ملاقات میں ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔











