وفاقی وزیر امیر مقام کی وزیراعظم، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور قوم کو کامیاب سفارت کاری پر مبارکباد

1

اسلام آباد،16 جون(اے پی ): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر  امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے جب پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے دنیا میں ملک کا نام سربلند کیا اور عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

 آج قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 27-2026 کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر  امیر مقام نے کہا کہ 10 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جس کے بعد پاکستان ایک نئے اور مثبت تشخص کے ساتھ دنیا کے سامنے ابھرا اور عالمی برادری نے تسلیم کیا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر قومی قیادت داد اور مبارکباد کی مستحق ہے اور یہ کامیابی تاریخ میں یاد رکھی جائے گی۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کو ہمیشہ ترجیح دینی چاہیے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں اور طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔