اسلام آباد ،16 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی نوید عامر نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عالمی امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا اور دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے خطرات سے بچانے کی کوششوں میں مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہے اور بحیثیت قوم عالمی امن کے فروغ میں کردار ادا کرنا ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔
آج قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 27-2026 کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کرسچن میرج ایکٹ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کیا گیا، جس کے تحت مسیحی لڑکیوں اور لڑکوں کی شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی گئی۔ اس سے قبل مسیحی لڑکیوں کے لیے شادی کی عمر 14 سال اور لڑکوں کے لیے 16 سال تھی۔ انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مسیحی برادری کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار مائنورٹیز کا قیام مذہبی اقلیتوں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا اور اس حوالے سے قانون سازی موجودہ حکومت کا ایک قابل تحسین اقدام ہے، جس سے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے مذہبی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کی سفارش بھی کی۔











