اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی زیب جعفر نے بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات میں معیشت کو استحکام دیا اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عسکری قیادت کی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بہتر ہوئی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
انہوں نے دفاعی بجٹ میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں مسلح افواج کو مزید وسائل فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے پنشن اصلاحات اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت بھی اجاگر کی۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی وٹامن ڈی کی کمی اور پانی کی قلت جیسے مسائل کا شکار ہے، خاص طور پر جنوبی پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی ایک سنگین مسئلہ ہے جس پر فوری پالیسی اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے خواتین کی صحت، خصوصاً وٹامن ڈی کی کمی کے علاج اور سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ خواتین کی حفاظت اور بااختیاری کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے پنجاب حکومت کی بعض اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اقدامات سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔











