اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی ابرار احمد نے بجٹ 2026-27 پر بحث کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ محض اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ خود انحصاری، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے ٹیکس شرحوں میں کمی اور سرچارج کے خاتمے سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور کم از کم اجرت میں اضافہ جبکہ خواتین اور کمزور طبقات کے لیے مختلف اشیا پر ٹیکسوں کا خاتمہ عوام دوست اقدامات ہیں۔ انہوں نے کینسر کی ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے اور چھوٹے تاجروں کے لیے آسان ٹیکس نظام کو بھی سراہا۔
ابرار احمد نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 838 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ نوجوانوں کی فنی تربیت اور کاروباری قرضوں کے پروگرام بھی جاری ہیں۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔
انہوں نے راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ میں پانی کی قلت، صحت کی سہولیات کی کمی اور کینٹ بورڈز کی نمائندگی کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے حل کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کسانوں کے لیے مزید سہولتیں اور مؤثر زرعی پالیسی متعارف کرانے پر بھی زور دیا۔











