اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی دعوت پر شاہد آفریدی کا نیویارک میں اقوامِ متحدہ ہیڈکوارٹرز کا دورہ

2

اقوامِ متحدہ، 16 جون (اے پی پی): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد کی خصوصی دعوت پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے ان کا شاندار خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے تحت سماجی و فلاحی سرگرمیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر سفیر عاصم افتخار احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کھیل کو سفارت کاری کا ایک مؤثر ترین ذریعہ قرار دیا جو سرحدوں سے بالاتر ہو کر قوموں کو قریب لاتا ہے، جبکہ انہوں نے معزز مہمان کو کثیرالجہتی نظام، مکالمے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان مشن کی فعال کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے سفیر عاصم افتخار احمد اور پاکستان مشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مشن کی سفارتی خدمات کو سراہا، جس کے بعد سفیر عاصم افتخار احمد کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ دیا گیا جس میں نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون اور مشن کے دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔