ملتان 17 جون )اے پی پی): کمشنر ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان وہاڑی روڈ پر شجرکاری اور بیوٹیفکیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی پیش رفت اور آئندہ لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ملتان۔وہاڑی روڈ کو ماحولیاتی حسن اور جدید لینڈ اسکیپنگ کا مثالی منصوبہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری باقاعدہ پلاننگ اور تکنیکی بنیادوں پر کی جائے تاکہ شاہراہ کا حسن مزید نکھر سکے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ مختلف اقسام کے پودوں اور درختوں کی شجرکاری مرحلہ وار اور خوبصورت پیٹرن کے تحت کی جائے جبکہ ایک ہی نوع کے درخت مخصوص حصوں میں لگائے جائیں تاکہ شاہراہ کو منفرد اور دلکش منظر دیا جا سکے۔ انہوں نے املتاس، پلکن، ٹرمنیریا اور دیگر مقامی و موزوں اقسام کے درخت متوازن انداز میں لگانے کی بھی ہدایت کی۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ شجرکاری کے ساتھ گرین کور اور لینڈ اسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے اور درختوں کی اقسام و مقامات کا انتخاب علاقے کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو شجرکاری کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کی نگرانی متعلقہ افسران خود کریں۔کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) شجرکاری اور بیوٹیفکیشن کے ہر مرحلے کی مؤثر نگرانی یقینی بنائے تاکہ منصوبہ مقررہ معیار کے مطابق مکمل ہو سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملتان۔وہاڑی روڈ کو سرسبز، خوبصورت اور شہریوں کے لیے پُرکشش شاہراہ بنایا جائے گا، جس سے نہ صرف ماحول بہتر ہوگا بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔











