میرپور،17 جون (اے پی پی ): کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی میرپور ڈویژن کامران علی، ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد حسین سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حساس مقامات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی اور تخریب کاری کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام ادارے مشترکہ لائحہ عمل کے تحت کام کریں، محرم الحرام کے دوران انتظامیہ کو علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔











