شجاع آباد: اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ثناء رام چند کا جلوس روٹس کا تفصیلی دورہ، انتظامات کا جائزہ

1

شجاع آباد 17 جون )اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر  ڈاکٹر ثناء رام چند نے الائیڈ محکموں کے افسران کے ہمراہ جلوس روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران جلوسوں کے راستوں پر صفائی، سیکیورٹی، روشنی، نکاسی آب اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر متولیان، منتظمین اور لائسنس داران سے ملاقات کی گئی اور ان کے مسائل و تجاویز کو بغور سنا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے مسائل کے فوری اور بروقت حل کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹر ثناء رام چند نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ اور منتظمین کے درمیان باہمی تعاون کو امن و امان کے قیام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

دورے کے دوران مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز اور اقدامات سے آگاہ کیا۔