اسلام آباد، 17 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے ملکی دفاع، معیشت اور سفارتی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی بحران پر قابو پاتے ہوئے استحکام اور ترقی کی راہ اپنائی ہے، جبکہ بجٹ میں عوامی ریلیف، روزگار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے خواتین کی سیاسی و حکومتی شمولیت کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا۔
رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ حکومت نے ماحولیاتی تبدیلی، گرین انیشی ایٹوز، اور آبادی کے چیلنجز پر توجہ دی ہے، جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور آبی بحران کے حل کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے عملی اقدامات کیے ہیں جبکہ ماضی میں معیشت کو بحرانوں کا سامنا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلے سمیت قومی چیلنجز کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔











