اسلام آباد، 17 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان میں غربت، بے روزگاری اور آبادی میں اضافے جیسے چیلنجز موجود ہیں جن سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی تعاون اور اتفاق رائے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چین، بھارت، بنگلہ دیش اور ویتنام نے تعلیم، ہنر مندی، صنعتی ترقی اور معاشی اصلاحات کے ذریعے نمایاں ترقی کی جبکہ پاکستان اپنی صلاحیتوں کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے غیر ضروری ضوابط اور رکاوٹوں کو کم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاہم قومی ترقی کیلئے سیاسی کشمکش کے بجائے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ معاشی استعداد موجود ہے اور تمام اداروں اور سیاسی قوتوں کو مل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے۔











