معدنیات اور کان کنی کا شعبہ ملکی معیشت کیلئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ، پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے، عاصمہ جہانگیر

4

اسلام آباد،18 جون(اے پی پی): پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی عاصمہ ارباب عالمگیر نے کہا ہے کہ معدنیات اور کان کنی کا شعبہ ملکی معیشت کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے، جس کی حقیقی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی ترقی کے لیے خصوصی مراعات اور ترغیبات دی جانی چاہئیں تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے اور قومی معیشت مزید مستحکم ہو۔

آج قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے عاصمہ ارباب عالمگیر کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اس لیے شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ان کی معاونت کے لیے مزید وسائل مختص کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور انہیں سہولتوں کی فراہمی ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں پائیدار امن اور استحکام ترقی کے لیے ناگزیر ہیں اور اس مقصد کے لیے ایک جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے فروغ سے نہ صرف سماجی اور اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی بلکہ صحت عامہ کے پروگراموں سمیت دیگر قومی اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔