ایران، پاکستان اور امریکہ کے مابین امن کوششیں تاریخی لمحہ ہیں، زراعت اور صنعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا بجٹ بحث میں اظہار خیال

5

اسلام آباد۔ 19 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ایران، پاکستان اور امریکہ کے درمیان امن کے لیے کی جانے والی کوششیں پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہیں، جنہوں نے نہ صرف پاکستان کو دنیا میں ایک پرامن ملک کے طور پر اجاگر کیا بلکہ خطے میں ایک مضبوط اور مستحکم کردار کے طور پر بھی نمایاں کیا ہے۔ انہوں نے حکومت اور ملکی قیادت کو اس سفارتی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں پاکستان ایک ذمہ دار اور اہم ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

جمعہ کو اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے تاہم معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے زراعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے کی مزید ترقی کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے صنعت کو بھی معیشت کا اہم ستون قرار دیا اور کہا کہ صنعت کا پہیہ چلنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، اس لیے زراعت اور صنعت دونوں کے فروغ کے لیے مزید وسائل اور اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے توانائی کے شعبے میں مزید اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے کے مسائل کے حل کے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا۔

رکن قومی اسمبلی نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے، رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے دی گئی مراعات، سپر ٹیکس کے خاتمے اور دیگر شعبوں کے لیے اعلان کردہ سہولتوں کو مثبت اقدامات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے ٹیکس نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے جامع ٹیکس اصلاحات ناگزیر ہیں۔